آنکھوں پر کھیرے کے ٹکڑے رکھنے کا کوئی فائدہ بھی ہے یا نہیں؟

آنکھوں پر کھیرے کے ٹکڑے رکھنے کا کوئی فائدہ بھی ہے یا نہیں؟
خواتین اکثر گرمی کے دنوں میں جلد کی حفاظت اور سیاہ حلقوں کو ختم کرنے کیلئے کھیرے کے ٹکڑے رکھتی ہیں لیکن کیا ایسا کرنا درست ہے؟ سائنس اس بارے میں کیا کہتی ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

کھیرے کی طبی افادیت پر بات کی جائے تو یہ سبزی وٹامن بی اور سی سے بھرپور ہے۔ وٹامن سی آنکھوں کی جلد کو تروتازہ رکھنے جبکہ وٹامن بی سوجن کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں پر رکھنے سے اینٹی آکسیڈینٹس کو متحرک کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ اس کا استعمال چہرے کی جلد کو صاف اور نرم وملائم بھی کرتا ہے۔

تاہم آنکھوں اور جلد کی حفاظت کیلئے ضروری نہیں کہ کھیرے کا صرف بیرونی استعمال یا اس کا لیپ بنا کر چہرے پر لگایا جائے، اس کو روزمرہ کھانے کا حصہ بنا کر بھی اس کے فائدے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی چیز کو فوری طور پر چہرے لگانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ بعض لوگوں کو اس سے الرجی کی شکایت بھی ہو سکتی ہے، خواہ کھیرے جیسی افادیت سے بھرپور سبزی ہی کیوں نہ ہو۔

اگر کھیرے کو چہرے پر لگانا مقصود ہو تو سب سے پہلے اس کو کلائی پر لگائیں، اگر جسم کے اس حصے میں خارش پیدا ہو یا سوجن ہو جائے تو کبھی چہرے پر نہ لگائیں کیونکہ اس کا استعمال آپ کی نازک جلد کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔