منشیات کیس: آریان خان کی مشکلات میں اضافہ، ضمانت کی درخواست مسترد

منشیات کیس: آریان خان کی مشکلات میں اضافہ، ضمانت کی درخواست مسترد
منشیات کیس میں بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آریان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، عدالت نے اس کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

عدالت کی کارروائی کے بعد آریان خان سمیت تمام ملزموں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق مرد قیدیوں کو آرتھر روڈ جیل جبکہ خاتون منمن دھمیچا کو کو بائیکلا جیل بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آرتھر روڈ جیل میں اداکار سنجے دت بھی سزا کاٹ چکے ہیں۔



آریان خان کی طرف سے عدالت میں ایڈووکیٹ ستیش مانشندے پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت میں کہا کہ این سی بی کو آریان خان کے خلاف کچھ نہیں ملا، انہوں نے صرف الزام لگائے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آریان خان اور دوسرے قیدیوں کو جیل کے اندر پہلے تین سے پانچ دنوں تک قرنطینہ میں میں رکھا جائے گا۔

دوسری طرف ارباز مرچنٹ کے وکیل طارق سعید نے کہا کہ معاملے میں میرے موکل کو کسی دوسرے شریک ملزم کے ساتھ جوڑنے کے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ ایسی صورتحال میں یہاں کسی طرح کی کوئی سازش نہیں بنتی۔

ایڈووکیٹ طارق سعید نے کہا کہ وہ ضمانت کیلئے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔



تاہم اب یہ دیکھنا ہوگا کہ سیشن کورٹ ارباز مرچنٹ کو ضمانت دیتی ہے یا نہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ سیشن کورٹ کا عمل بہت لمبا ہے، ایسی صورتحال میں ارباز مرچنٹ کو ضمانت ملنے میں 20 دن تک کا بھی وقت لگ سکتا ہے۔

 

جمعہ کو عدالت نے کروز پارٹی میں پکڑے گئے نائجیریائی ملزم پیڈلر کو 11 اکتوبر تک کے لئے پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔