ممبئی کی خصوصی عدالت نے منشیات کیس میں آریان خان سمیت دیگر ملزمان منمن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔
آریان خان کو 2 اکتوبر کی شام نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی) نے منشیات خریدنے اور استعمال کرنے کے الزامات کے تحت ایک پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔
آریان خان سمیت تینوں ملزمان گوا جانے والے کروزشپ سے گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں۔ آریان خان کے خلاف نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹراپک سبسٹانسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کی دفعہ 8 (c) ، 20 (b) ، 27 ، 28 ، 29 اور 35 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
8 اکتوبر کو عدالت نے آریان خان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کیا تھا جبکہ سیشن کورٹ نے ان کا سات روزہ ریمانڈ بھی دیا تھا۔ اس کے مکمل ہونے کے بعد انھیں 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔ آریان خان اور دیگر ملزمان کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں رکھا گیا ہے۔
آریان خان کے وکلا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اب وہ ضمانت کے حوالے سے نئی درخواست ممبئی ہائیکورٹ میں جمع کروائیں گے جہاں سے انھیں انصاف ملنے کی امید ہے۔