Get Alerts

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی ایم پی اے انجینئر محمد فہیم کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی ایم پی اے انجینئر محمد فہیم کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان
خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو ایک اوردھچکا لگ گیا، ایم پی اے انجینئر محمد فہیم نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

پشاور کے حلقہ پی کے 72 سے رکن اسمبلی محمد فہیم نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ رہنماؤں کی قیادت میں مزید کام نہیں کر سکتے کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے، ہماری ترقیاتی سکیمیں بھی روکی جا چکی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 20 سے زائد اراکین میرے ساتھ رابطے میں ہیں، وقت آنے پر دیگر ایم پی ایز بھی پارٹی کو چھوڑ سکتے ہیں، خیبر پختونخوا کے ہر محکمہ میں کرپشن ہو رہی ہے اور جلد مزید حقائق بتاؤں گا۔ میں پرویز خٹک کے علاوہ کسی کو لیڈر نہیں مانتا جبکہ عمران خان ملکی مفاد کے لئے کام نہیں کر رہے۔

دوسری جانب محمد فہیم کے پارٹی کے علیحدگی کے اعلان کے بعد اس معاملے پر پی ٹی آئی کے صوبائی ترجمان نے کسی بھی قسم کا مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے ایم پی اے اور سابق صوبائی وزیر سلطان محمد بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں، سلطان محمد خان اے این پی میں شمولیت کی دعوت بھی قبول کر چکے ہیں۔