سپریم کورٹ کے حکم پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے لاپتہ صحافی مدثر نارو کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم سے کی گئی ملاقات میں لاپتہ صحافی مدثر نارو کے والدین اور ان کا بیٹا شریک تھے۔ ملاقات میں وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری بھی موجود تھیں۔
شیریں مزاری نے بتایا کہ مدثر نارو کے والدین نے تمام صورتحال سے وزیراعظم کو آگاہ کیا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو والدین کو تمام معلومات سے آگاہ کرنے کی ہدایات دیں ہیں۔
شیریں مزاری نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے مدثر نارو کے بیٹے کی ویلفیئر کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کی ہے۔
شیریں مزاری سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کے اہل خانہ کو بتایا گیا کہ مدثر نارو کہاں ہیں۔ اس کے جواب میں شیریں مزاری نے کہا کہ نہیں، کیونکہ مسئلہ یہ ہے کہ وزیراعظم نے حکم جاری کیا ہے کہ اس طرح کے متضاد بیان کو روکا جائے اور لاپتہ افراد کے متعلق جامع پالیسی بن جانے تک اس پر کوئی بات نہ کی جائے۔
شیریں مزاری نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں مدثر نارو کے اہل خانہ نے کچھ اہم تفصیلات بتائیں ہیں، جن سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔