Get Alerts

توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فر د جرم عائد کر دی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جبکہ استغاثہ کے 12گواہان طلب کر لیے گئے۔

توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فر د جرم عائد کر دی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل کورٹ روم میں سماعت کی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جبکہ استغاثہ کے 12گواہان طلب کر لیے گئے۔

بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسسز میں درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

بشریٰ بی بی نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول بھی وصول کرلیں۔ آئندہ سماعت پر ملزمام پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پیر کو سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں توشہ خانہ مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں. تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔

بشریٰ بی بی کے وکلا کی طرف سے ایک دن کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تھی جو کہ منظور کرلی گئی تھی۔

عدالت نے ملزمہ کے وکلاء کو ہدایت کی تھی کہ وہ منگل کو اپنی مؤکلہ کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ اس مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کو ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری دے رکھی ہے۔

توشہ خانہ چارج شیٹ:

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی چارج شیٹ جاری کردی گئی ہے۔

توشہ خانہ کیس کی چارج شیٹ کے مطابق وزرات عظمیٰ کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 108 تحائف ملے۔

مختلف ممالک سے ملنے والے 108 تحائف میں سے 58 قیمتی تحائف ملزمان نے خود رکھ لئے،108تحائف میں سے بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا،توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں۔

تحقیقات میں معلوم ہوا بشریٰ بی بی کو سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا ،جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا۔

بشریٰ بی بی اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے،ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تحائف کی من پسند قیمت لگوائی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ کی 90 لاکھ روپے ادائیگی کی،تحقیقات کے مطابق قیمت پرائیویٹ فرد سے لگوائی گئی جو اصل قیمت سے انتہائی کم تھی۔

جیولری سیٹ کی قیمت لگانے کیلئے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیا گیا ،سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے قومی خزانےکو 15 سو 73 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

شواہد، دستاویزی ثبوت اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کیخلاف ٹرائل شروع کیا جائے،توشہ خانہ ریفرنس میں نیب ملزمان کے خلاف 20گواہ پیش کرے گا۔

تحفے کا پرائیویٹ طور پر تخمینہ لگانے والاشخص بھی بطور وعدہ معاف گواہ پیش ہو گا،سابق وزیراعظم کےملٹری سیکرٹری اور ڈپٹی ایم ایس بھی گواہان میں شامل ہیں۔

ڈپٹی قونصلیٹ جنرل دبئی رحیم اللہ، توشہ خانہ کے سیکشن افسران بھی گواہی دیں گے،پی ایم آفس کے اسسٹنٹ سیکرٹری پروٹوکول زاہد سرفراز بھی نیب کے گواہ ہونگے۔

چیئرمین نیب نے توشہ خانہ ریفرنس میں تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیئے تھے۔

ضمانت کی درخواستیں مسترد

عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں دی گئی تھیں جن پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے یہ درخواستیں مسترد کردی ہیں۔

توشہ خانہ ریفرنس میں سماعت11 جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے جب کہ 190ملین پاؤنڈریفرنس میں فردجرم کیلئے17جنوری کی تاریخ مقرر ہے۔