اقوام متحدہ نے عراق میں امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا قتل غیر قانونی قرار دے دیا۔
اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے ماورائے عدالت قتل اگنیس کیلامارڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ ایسا کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا جس سے ثابت ہوتا ہو کہ جنرل سلیمانی کی جانب سے امریکی مفادات پر کسی حملے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس بنیاد پر امریکہ کی جانب سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر کیا جانے والا حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی تھا۔
دوسری جانب امریکہ نے عالمی ادارے کی رپورٹ کو بد دیانتی پر مبنی قرار دے دیا۔
ترجمان امریکی محکمہ خا رجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں جنرل قاسم سلیمانی کا ریکارڈ بھی دھو کر صاف کر دیا۔
خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں بغداد ائیرپورٹ کے نزدیک امریکی ڈرون حملے میں ایرانی فوج کی القدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ساتھیوں کے ہمراہ مارے گئے تھے۔