رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال پر ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
انسٹاگرام اسٹوری میں دانیہ نے عامر لیاقت کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
دانیہ نے لکھا کہ 'اللہ پاک عامر کی مغفرت فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے'۔
خیال رہے کہ رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے۔ عامر لیاقت حسین کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ملازم کے مطابق عامر لیاقت کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہوئی تھی، عامر لیاقت کےدل میں تکلیف ہورہی تھی۔
عامر لیاقت حسین کو ان کے گھر خدادا کالونی سے ایمبولینسز کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، اسپتال میں قومی رکن اسمبلی کے اہلخانہ بھی موجود تھے۔
تاہم عامر لیاقت کے ڈرائیور نے پولیس کو طبیعت خرابی کی اطلاع دی، بتایا گیا کہ ان کے کمرے سے گزشتہ روز چیخنے کی آوازیں بھی آئیں۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جب کہ پولیس کا موقف ہے کہ موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، فی الحال ان کا گھر سیل کرکے شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔
عامر لیاقت حسین نے تین شادیاں کیں، پہلی شادی سیدہ بشریٰ اقبال، دوسری سیدہ طوبیٰ اور تیسری دانیہ سے کی۔
وہ بشریٰ اور طوبیٰ کو طلاق دے چکے تھے جب کہ دانیہ تاحال ان کی منکوحہ تھیں جنہوں نے عامر لیاقت کے خلاف تنسیخِ نکاح کا کیس دائر کر رکھا تھا۔