وفاقی حکومت نے ممکنہ طور پر اکتوبر یا نومبر 2023 میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے بجٹ میں 42 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کر دی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجٹ میں عام انتخابات کیلئے 42 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد اور انتخابات کی سیکیورٹی کیلئے 15 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ, ووٹنگ کیلئے 5 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے 4 ارب 83 کروڑ روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔
انتخابی فہرستوں کی چھپائی کیلئے 27 کروڑ روپے اور ٹریننگ ونگ کے لئے ایک ارب 79 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ میڈیا کوآرڈینیشن کیلئے 50کروڑ روپے سے زائد اور انتخابی تیاریوں کیلئے بجٹ میں ایک ارب 2 کروڑ روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔
پنجاب میں انتخابات کیلئے بجٹ میں 9 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد، سندھ میں انتخابات کیلئے 3 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد، خیبرپختونخوا انتخابات کیلئے بجٹ میں 3 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد اور بلوچستان انتخابات کیلئے ایک ارب 11 کروڑ روپے سے زائدکی رقم بجٹ میں مختص کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پورے ملک میں انتخابات کے انعقاد کے لیے 54 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی تھی۔
تاہم وفاقی حکومت نے انتخابی نگران ادارے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اسے انتخابات کے انعقاد کے لیے 47 ارب روپے فراہم کرے گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے پہلے ہی 5 ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں۔