سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے سابق مشیر و چیئرمین چیف منسٹر کمپلینٹ سیل پنجاب زبیر احمد خان کو راولپنڈی کی رہائشگاہ کے باہر سے مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا۔
تھانہ ریس کورس کے علاقے گلنار کالونی لین 2 قاسم مارکیٹ سے زبیر احمد خان کو گھر کے باہر سے اغواء کر لیا گیا۔ واقعہ کل رات 11 بجے کے قریب پیش آیا۔ زبیراحمد خان کو نامعلوم افراد کی گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ان کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اغوا کیا۔
تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے زبیر احمد خان کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج ٹوئٹر پر شیئر کر دی۔
https://twitter.com/MusarratCheema/status/1633577917149061120?s=20
زبیر احمد خان کے بیٹے شجاع زبیر کا کہنا ہے کہ والد زبیر احمد خان گھر آرہے تھے کہ جیسے ہی گلی میں داخل ہوئے تو سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے اسلحے کی نوک پر ان کی گاڑی رکوائی اور زبردستی گاڑی سے اتروا کر دوسری گاڑی میں سوار کرواتے ہوئے فرار ہوگئے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح نامعلوم افراد 2 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر آئے۔ 11 افراد مسلح تھے۔ ڈرائیور کا شور سن کر پیچھے بھاگے تو نامعلوم گاڑی و موٹر سائیکل سوار والد کو لیکر فرار ہوگئے۔
شجاع زبیر کا کہنا تھا کہ والد کے ڈرائیور محمد مبین کی جانب سے تھانہ ریس کورس میں باقاعدہ درخواست بھی دے دی ہے جو گزشتہ 15 سال سے ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرہے ہیں۔ لیکن شنوائی نہیں کی جا رہی۔
درخواست میں تحریر کیا گیا کہ ملزمان زبیر خان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے اغواء کرکے لے گئے جس کے باعث والد کی جان کو سخت خطرہ ہے.
تھانہ ریس کورس میں زبیر احمد خان کے اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ زبیر احمد خان کے ڈرائیور مبین احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمے کے مطابق گھر آنے کے لیے گاڑی جیسے ہی گلی میں مڑی دو موٹر سائیکل اور گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے گاڑی رکوا کر زبردستی اغواء کرلیا، ملزمان دھمکیاں دیتے ہوئے زبیر خان کو ساتھ لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرلیا ہے۔ قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔