Get Alerts

نیو یارک میں پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روزویلٹ کو مستقل بند کرنے کا اعلان

نیو یارک میں پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روزویلٹ کو مستقل بند کرنے کا اعلان
امریکہ کے شہر نیو یارک میں پی آئی اے  (پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن) کی ملکیت ہوٹل روز ویلٹ  کو مستقل بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ تاہم ویب سائٹ اور فیس بک پیج سے دیا گیا یہ پیغام کچھ دیر بعد ہٹا دیا گیا۔ کہا جارہا ہے کہ اس عمل پر صارفین کی طرف سے حکومت پر شدید تنقید کے باعث یہ پیغام ہٹا یا ہے۔ ہوٹل کے میزبان ڈسک نے یکم نومبر سے بکنگ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہوٹل کے ملازمین اس کی وجہ بتانے پر بھی انکاری ہیں۔

فیس بک پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 'روز ویلٹ ہوٹل 1924 سے آپ کی کہانیوں کا حصہ بننے پر بہت مشکور ہے تاہم انتہائی افسوس سے آپکو اطلاع دی جارہی ہے کہ تقریباً سو سال کے عرصہ کے بعد ہوٹل 31 اکتوبر 2020 سے مستقل طور پر بند کیا جارہا ہے۔ جن لوگوں نے بکنگ کروا رکھی ہے انہیں  متبادل فراہم کرنے کیلئے رابطے جاری ہیں۔ ہم آپ سے سچی محبت کرتے ہیں اور ہماری دعا ہے کہ اس شہر کیلئے آپکے جذبات ہمیشہ سلامت رہیں۔' اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد یہ پیغام ہٹا دیا گیا۔



یاد رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2 ستمبر کو کئے جانے والے اجلاس میں ہوٹل روز ویلٹ کے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے فنڈز کی منظوری دی تھی جب کہ اس سے قبل کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہوٹل کو فروخت نہیں کیا جائے گا اور اسے کسی تیسرے فریق کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر چلایا جائے گا۔