معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کیلئے چیٹ لاک اور میسیجز ٹیکسٹ فارمیٹنگ ٹولز کے حوالے سے دو نئے فیچرز متعارف کرانے کی تیاری کر لی۔
اس سلسلے میں اینڈرائیڈ ڈیوائسز کیلئے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں چند نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
موبائل فونز کی تفصیلات فراہم کرنے والی ویب سائٹ فون ایرینا کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے ایک فیچر چیٹ لاک جبکہ دوسرا میسیجز ٹیکسٹ فارمیٹنگ ٹولز کے حوالے سے ہے۔
واضح رہے کہ چیٹ لاک نامی فیچر مئی میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے صارفین مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کرتے ہیں جبکہ ان تک رسائی فون ان لاک کے طریقہ کار سے ممکن ہوتی ہے۔
وابیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب میٹا کی جانب سے اس فیچر کو زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس میں ایک سیکرٹ کوڈ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں ہو رہی ہے اور توقع ہے کہ جلد اسے تمام صارفین کیلئے متعارف کرایا جائے گا۔
سیکرٹ کوڈ فیچر سے صارفین اپنی چیٹس لاک کو زیادہ محفوظ بنا سکیں گے۔ وہ ان چیٹس کو فون ان لاک کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ ایک سیکرٹ کوڈ کے ذریعے محفوظ بنا سکیں گے۔
دوسرا فیچر ٹیکسٹ فارمیٹنگ ٹولز کا ہے جس سے صارفین اپنے میسیجز کو زیادہ بہتر طریقے سے کسٹمائز کر سکیں گے۔ ان نئے ٹولز میں کوڈ بلاکس، لسٹس اور ’’کوٹ‘‘ بلاکس شامل ہیں۔
اس سے قبل میسیجز کے ٹیکسٹ کو بولڈ، اٹالک اور سٹرائیک تھرو جیسے ٹولز سے بہتر بنانا ممکن تھا مگر اب ان میں مزید ٹولز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔