نریندر مودی کی زندگی پر بننے والی فلم کی ریلیز پر بھارت میں پابندی

نریندر مودی کی زندگی پر بننے والی فلم کی ریلیز پر بھارت میں پابندی
نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ کی جانب وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے خلاف دائر درخواست مسترد کیے جانے کے باوجود بھارتی الیکشن کمیشن نے انتخابات کے اختتام تک فلم کی ریلیز روک دی۔

چیف الیکشن کمشنرسنیل اروڑہ اورالیکشن کمشنرسشیل چندراوراشوک لواسا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق 17ویں لوک سبھا انتخابات میں10 مار چ سے نافذ ضابطہ اخلاق کے پیش نظراس فلم کی ریلیزپرروک لگائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نےنریندرمودی پربنی اس فلم پابندی لگانےکی درخواست کی تھی۔ بھارت کی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ اس فلم میں تخلیقی آزادی کےنام پرایک مخصوص پارٹی اورایک مخصوص امیدوارکی تشہیرکی گئی ہے اور رائےدہندگان کو متاثرکرنےکی کوشش کی گئی ہے، جوضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن نے ہدایت میں کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت الیکٹرانک میڈیا یا کسی سنیما میں اس طرح کے تشہیری سامان کی عوامی نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ جس کا انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کو فائدہ ہو۔

اس فلم میں نریندر مودی زندگی کے احوال بتائے گئے ہیں کہ کس طرح انہوں نے ٹرین اسٹیشن پر چائے بیچنے سے بھارت کے وزیر اعظم بننے تک کا سفر طے کیا۔