Get Alerts

ایبٹ آباد کے پہاڑوں پر کرکٹ کا دلچسپ میچ، انٹرنیشنل میڈیا کی زینت بن گیا

ایبٹ آباد کے پہاڑوں پر کرکٹ کا دلچسپ میچ، انٹرنیشنل میڈیا کی زینت بن گیا
پاکستان میں کرکٹ کے جنون کا کوئی ثانی نہیں۔ سپورٹس جرنلسٹ شاکر عباسی نے ایبٹ آباد کی یونین کونسل بیروٹ خورد گاؤں نکر موجووال کے پہاڑوں میں ہونے والے عید کرکٹ میلے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیشنل میڈیا کے سوشل میڈیا ہینڈلز سمیت خبروں کی زینت بن گئی۔ ویڈیو کو لاکھوں افراد نے دیکھا اور شئیر کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

شاکر عباسی کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں ایبٹ آباد کے خطرناک پہاڑوں میں کھیلے جانے والے 32 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے کے آخری لمحات کی تھی جس میں کھیلنے والی ٹیم کو 3 گیندوں پر 4 رنز چاہیے تھے اور آخر میں بیٹسمین چوکا لگا کر میچ اپنے نام کر لیتا ہے۔ میچ میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے جیسے ہی فتح حاصل کی، اس کے حامی اچانک پہاڑ کی بلندی سے نمودار ہوئے اور بھاگتے ہوئے پچ پر آگئے۔ فتحیاب ٹیم نے اپنے حامیوں کے ہمراہ پچ پر خوب بھنگڑے ڈالے جنہیں خاصہ پسند کیا گیا۔

گذشتہ سال اسی مقام کی تصویر آئی سی سی نے بھی شیئیر کی، تاہم شاکر عباسی کی ویڈیو کے دنیائے کرکٹ میں ہر طرف چرچے ہیں یہاں تک کے پاکستان اور انگلینڈ میں جاری ٹیسٹ میچ میں بھی اس ویڈیو کو ٹی وی پر نشر کیا گیا جبکہ سابق انگلش کپتان کرکٹ کا پاگل پن دیکھ کر دنگ رہ گئے اور ویڈیو میں ہونے والے حال احوال پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم سے ترجمہ بھی کراتے نظر آئے۔

ٹوئٹر پر ویڈیو کو وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق کرکٹر رمیز راجہ، سپیڈ سٹار شعیب اختر، آسٹریلین اوپنر ایرن فنچ، سابق انگلش سپنر مونٹی پنیسر، سینئیر صحافی حامد میر ملکی و غیر ملکی کرکٹرز، صحافیوں نے ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے کرکٹ کے جنون کو خوب سراہا ۔ جس کے بعد گاؤں کے نوجوانوں نے کھلاڑی وزیراعظم سے کھیل کے میدان بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہولیات کی کمی کے باعث خطرناک پہاڑی علاقے میں رسک لے کر کھیلتے ہیں جہاں اکثر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوتی رہتی ہے۔ ہمیں سہولیات فراہم کی جائیں تو پاکستان کو کئی کرکٹرز مل سکتے ہیں۔

لکھاری نے جامعہ گجرات سے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کی ہے اور شعبہ صحافت میں بطور سپورٹس رپورٹر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔