مصنوعی انڈوں کی سرعام فروخت کا انکشاف، فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، 7 دکانیں سیل

مصنوعی انڈوں کی سرعام فروخت کا انکشاف، فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، 7 دکانیں سیل
کوئٹہ میں مصنوعی انڈوں کی سرعام فروخت کا انکشاف ہونے کے بعد بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے انڈے فروخت کرنے والی 7 دکانوں کو سیل کر دیا۔

کوئٹہ میں مرغی کے انڈوں کے نام پر مصنوعی انڈوں کی شکایت عام ہے، اس پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکشن میں آئی اور شہر کے علاقے مسجد روڈ، کواری روڈ، طوغی روڈ اور علمدار روڈ پر انڈے فروخت کرنے والی دکانوں پر کارروائی کی۔

فوڈ اتھارٹی کے حکام نے مصنوعی انڈے فروخت کرنے کے شبے میں 7 دکانوں کو سیل کر کے 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔

بعدازاں حکام نے انڈروں کے نمونے کیمیائی ٹیسٹ کے لیے متعلقہ لیبارٹری کو بھجوا دیے۔

شہر میں انڈوں کے کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ ابھی تک انہوں نے اپنے کاروبار میں مصنوعی انڈے نہیں دیکھے جب کہ شہریوں کا کہنا ہے کہ مصنوعی انڈے فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔