لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پر حملہ کیا گیا ہے جس میں وہ زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان شریف فیملی کے مطابق لندن کے علاقے پارک لین میں دونقاب پوشوں نے ڈاکٹر عدنان پر دھاتی راڈ سے حملہ کیا اور مکے مار کر تشدد کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹرعدنان کے سر، چہرے اور سینے پر چوٹیں آئی ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عدنان کو حملے سے قبل دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئی تھیں جس کے ثبوت پولیس کو دے دیے گئے ہیں۔
شریف فیملی نے ڈاکٹر عدنان پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے حملوں کا جواب قانونی دائرے میں رہ کر دینے کا حق رکھتے ہیں۔
لندن پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عدنان پر حملے سے متعلق شکایت موصول ہوئی ہے جس پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جا رہا ہے جس کے حوالے سے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اپڈیٹ کرتے ہیں۔