ایران کو دہشت گردی کے لئے فنڈ فراہمی کے ذرائع سے محروم کر دیں گے، پومپیو

ایران کو دہشت گردی کے لئے فنڈ فراہمی کے ذرائع سے محروم کر دیں گے، پومپیو
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’’ایران کی اسٹیل اور کان کنی کی صنعتوں پر پابندیوں کے اعلان‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کو دہشت گردی کے لئے فنڈ فراہمی کے سوتوں سے محروم کرنے کا پختہ ارادہ کر چکا ہے۔

اپنے سلسلہ وار ٹویٹر پیغامات میں مسٹر پومپیو نے واضح کیا کہ ایک سال قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ منسوخی کے دلیرانہ اقدام کے بعد تہران سے معاملات کرنے کی جس نئی حکمت علمی کا آغاز کیا گیا، اب اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس سے متذکرہ حکمت عملی کی کامیابی یقینی ہو گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ان ’’کامیابیوں‘‘ کو بنیاد بنا کر نئی کوششیں کر رہا ہے جس کے بعد صدر ٹرمپ نے ایران کی اسٹیل اور کان کنی کی صنعتوں پر پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا۔ یہ شعبہ جات ایرانی برآمدات میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایرانی حکومت کو ان ذرائع سے محروم کر دیں گے جنہیں حکومت دہشت گردی کے لئے مالی امداد فراہمی کے لئے استمعال کر رہی ہے۔

ادھر دوسری جانب ایران نے بین الاقوامی قوانین کو کھلے عام چیلنج کرتے ہوئے اپنے جوہری پروگرام کو وسعت دینے کا ایک مرتبہ پھر عزم ظاہر کیا ہے۔

مائیک پومپیو نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ نیوکلیئر پروگرام میں توسیع سے متعلق ایرانی دھمکیوں پر اس کا احتساب کرے