طور خم بارڈر پر تعینات پاک فوج کے میجر اصغر کورونا وائرس سے شہید

طور خم بارڈر پر تعینات پاک فوج کے میجر اصغر کورونا وائرس سے شہید
کورونا وائرس کے خلاف محاذ پر تندہی سے اپنے فرائض انجام دینے والے میجر محمد اصغر وائرس کا شکار ہو کر خالق حقیقی سے جا ملے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ایسے وقت میں جب سب لوگ گھروں میں محصور ہو رہے ہیں تو افواجِ پاکستان فرنٹ لائن پر لوگوں کی خدمت کے لیے نکلی ہوئی ہے، میجر محمد اصغر طور خم بارڈر ٹرمینل پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے جب افغانستان میں پھنسے لوگوں کی واپسی شروع ہوئی تو آپ کے ذمہ بارڈر ٹرمینل پر اسکریننگ کی ذمہ داری سونپی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد اصغر کو اچانک سینے میں تکلیف اٹھی اور سانس لینے میں دقت کا سامنا ہوا جس کے باعث انہیں سی ایم ایچ پشاورمنتقل کیا گیا، انہیں وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکے۔

میجر محمد اصغر کراچی کے رہائشی تھے اور ان کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں 20ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان میں اب تک 30ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 661 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔