Get Alerts

ملک کے جنوبی حصوں میں ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے ایس او پیز جاری

ملک کے جنوبی حصوں میں ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے ایس او پیز جاری
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمٰان نے صوبائی اور مقامی اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ اور لوگوں پر شدید موسم کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ ایس او پیز محکمہ موسمیات کی تازہ ترین موسم کی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے جاری کئے گئے ہیں۔

اپنی اپیل میں شیری رحماٰن نے تمام اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ ’ہیٹ ویو کے حوالے سے رہنما ہدایات پر عمل کریں۔ یہ رہنما ہدایات گرمی سے متعلق بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک فعال نقطہ نظر پیش کرتی ہیں اور شدید گرمی کے واقعات کے لیے تیاری اور ان کا جواب دینے کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔

ان ایس او پیز میں ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اور کلیدی قلیل مدتی اقدامات میں شامل ہیں۔ یونین کونسل سطح پر ہیٹ ویو ریسپانس یونٹس کو فعال کرنے اور رابطہ کاری کیلئے صوبائی سطح پر کنٹرول رومز کے قیام کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہم نے ہیٹ ویو کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لیے صوبوں کو کئی درمیانی سے طویل مدتی اقدامات کا بھی مشورہ دیا ہے۔ اس طویل مدتی اقدامات میں اسکول کے نصاب میں ماحولیاتی آفات کے باری میں بیداری، شہری علاقوں میں زیادہ درخت لگا کر سبز جگہوں میں اضافہ، عوامی مقامات پر 'کول سینٹرز' کا قیام، اور ابتدائی ہیٹ ہیلتھ وارننگ سسٹم شامل ہیں۔ یہ اقدامات ملک کی شدید ماحولیاتی واقعات سے نمٹنے اور شہریوں کی صحت اور تحفظ میں مدد کریں گے۔

ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات، خاص طور پر عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی وجہ سے پورے خطے اور ملک میں بار بار شدید، اور دیرپا گرمی کی لہریں پیدا ہو رہی ہیں۔ اس موسم گرما میں ملک کے جنوب میں شدید درجہ حرارت اور گرمی کی لہریں کمزور طبقات کیلئے بحران کا باعث بن سکتی ہیں۔

متعلقہ ادارے لوگوں کے تحفظ اور شدید گرمی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری اور بروقت اقدامات کریں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ماہ کے دوسرے ہفتے سے خاص طور پر ملک کے جنوبی حصے میں گرمی کی لہروں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کو جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق بالائی فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے پیش نظر ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص ملک کے جنوبی نصف حصوں میں 10 سے 13 مئی تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پارہ معمول سے دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو فصلوں کے پانی کا انتظام کرنے کا مشورہ دیا ہے اور عوام الناس کو بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ براہ راست سورج کی تپش میں غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں اور پانی کا درست استعمال کریں۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔