وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ پاک فوج ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔
گزشتہ روز امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کا اہم اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ سے درخواست کی گئی کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے رینجرز اور فوج کی کمپنیاں حکومت کو دی جائیں۔ حالات کے پیش نظر رینجرز کی کمپنیاں پنجاب حکومت کے سپرد کردی گئیں۔ جبکہ آج باقاعدہ طور پر پاک فوج کی 10 کمپنیوں کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئیں۔
لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان سمیت اہم اضلاع میں فوج تعینات کردی گئی۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کاکہناہے کہ پاک فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت طلب کیاگیا۔ پاک فوج ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرے گی ۔
پنجاب کے بعد خیبرپختوںخوا میں بھی امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر فوج طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ فوج کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت طلب کیا گیا ہے۔