Get Alerts

ملک ریاض نے ’آپ نیوز‘ چینل کو بند کر دیا، درجنوں صحافی بیروزگار

ملک ریاض نے ’آپ نیوز‘ چینل کو بند کر دیا، درجنوں صحافی بیروزگار
بحریہ ٹاؤن کے مالک اور چئیرمین آپ نیوز ملک ریاض نے آپ نیوز کے اردو چینل کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ چینل بند ہونے سے درجنوں صحافی بیروزگار ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چینل کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو ایک ای میل کی گئی ہے جس کا متن ہے کہ چئیرمین ملک ریاض صاحب کی طرف سے تمام کارکنوں کو اطلاع کی جاتی ہے کہ چند ناگزیر قانونی اور تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر آپ نیوز (اردو چینل) کو چلانا ممکن نہیں رہا۔ اس لیے فوری طور پر آج 11 اپریل سے آپ نیوز کی نشریات بند کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آپ نیوز سے وابستہ تمام کارکنوں کے واجبات ادا کیے جائیں گے۔ جس کے تحت مارچ کی تمام تنخواہیں 14 سے 15 اپریل کو ادا کر دی جائیں گی۔ اپریل سے 11 مئی کے نوٹس پیریڈ کی تنخواہ بھی 21 اور 22 اپریل کو ادا کر دی جائے گی۔

ملازمین کو ملنے والی ای میل میں مزید لکھا ہے کہ اس کے علاوہ چئیرمین ملک ریاض صاحب نے کارکنوں کی مشکلات کے پیش نظر 11 مئی کے بعد اگلے تین ماہ کی نصف تنخواہ ہر ماہ کی 5 تاریخ تک ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جو باقاعدگی سے کارکنوں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوتی رہے گی۔ چئیرمین صاحب اس دوران اپنے ملکیتی لائسنس پر نیا چینل شروع کریں گے۔ جس میں آپ نیوز سے وابستہ کارکنوں کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ چئیرمین صاحب کی جانب سے تمام کارکنوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔



دوسری جانب صحافتی تنظیموں نے آپ نیوز کے اس اچانک فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے درجنوں صحافی بیروزگار ہوں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آںے کے بعد سے میڈیا انڈسٹری شدید ترین بحران کا شکار ہے اور اب تک ہزاروں صحافی بیروزگار ہو چکے ہیں۔