Get Alerts

ڈاکٹروں اور وکلا کے تنازع کی وجہ کونسی ویڈیو بنی؟

لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر بدھ کے روز لاہور بار ایسوسی ایشن کے سینکڑوں وکلا نے اچانک ’دھاوا‘ بول دیا۔ مشتعل وکلا کے ہجوم نے ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور ڈاکٹروں اور عملے کے ارکان پر تشدد کیا۔


ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس پرتشدد احتجاج کے نتیجے میں گلشن بی بی نام کی خاتون چل بسیں جبکہ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


واضح رہے کہ مذکورہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب وکلا نے الزام عائد کیا کہ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ینگ ڈاکٹرز وکلا کا مذاق اڑا رہے تھے جس پر انہوں نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی۔

تاہم ڈاکٹر کے مطابق وکلا کا ایک گروپ انسپکٹر جنرل کے پاس گیا تھا اور انہیں کہا تھا کہ 'دو ڈاکٹرز' کے خلاف اے ٹی اے کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، تاہم ان کے بقول آئی جی نے اس معاملے پر انکار کردیا۔

بعد ازاں آج وکلا کی بڑی تعداد 'ویڈیو' کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لیے پی آئی سی کے باہر جمع ہوئی، تاہم یہ احتجاج پرتشدد ہوگیا اور وکلا نے پہلے ہسپتال کے داخلی و خارجی راستے بند کردیے۔

مشتعل افراد نے پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی—فوٹو: ڈان نیوز

صحافی وسیم عباسی نے ٹویٹ کی کہ وکلا کا موقف ہے کہ ان کا آج کا عمل ڈاکٹرز کی ویڈیو کا ردعمل تھا ۔ٹھیک ہے ڈاکٹرز کی یہ ویڈیو بھی اشتعال انگیز ہے مگر اس کا ردعمل یہ ہو کر مسلح ہو کر حملہ کیا جائے اسپتال کا ستیاناس کر دیا جائے مریضوں کی زندگیاں ختم کی جائیں اور لوگوں کی گاڑیاں توڑی جائیں ؟؟


https://twitter.com/Wabbasi007/status/1204746140878540800?s=20

https://twitter.com/Wabbasi007/status/1204740181959565319?s=20

https://twitter.com/Wabbasi007/status/1204707085331640322?s=20

 

معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟


یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب چند روز قبل کچھ وکلا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی میں ایک وکیل کی والدہ کے ٹیسٹ کے لیے گئے، جہاں مبینہ طور پر قطار میں کھڑے ہونے پر وکلا کی جانب سے اعتراض کیا گیا۔اسی دوران وکلا اور ہسپتال کے عملے دوران تلخ کلامی ہوئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا اور مبینہ طور پر وہاں موجود وکلا پر تشدد کیا گیا۔

مذکورہ واقعے کے بعد دونوں فریقین یعنی وکلا اور ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور ایک دوسرے پر مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا، تاہم بعد ازاں ڈاکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اس مقدمے کے اندراج کے بعد وکلا کی جانب سے کہا گیا کہ ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کریں، تاہم پہلے ان دفعات کو شامل کیا گیا بعد ازاں انہیں ختم کردیا گیا۔

جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں مذکورہ واقعے پر معافی مانگ لی گئی اور معاملہ تھم گیا۔

تاہم گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز کی ایک ویڈیو وائر ہوئی جس میں ڈاکٹر اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس میں مبینہ طور پر وکلا کا 'مذاق' اڑایا گیا تھا، جس پر وکلا نے سوشل میڈیا پر ڈاکٹر کے خلاف ایک مہم شروع کردی۔

اس معاملے پر بدھ کو ایوان عدل میں لاہور بار ایسوسی ایشن کا اجلاس عاصم چیمہ کی سربراہی میں ہوا جس میں مزید کارروائی کے لیے معاملے کو جمعرات تک ملتوی کردیا گیا، تاہم کچھ وکلا نے بدھ کو ہی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پی آئی سی کا رخ کیا۔