کرونا وائرس: آکسیجن اور وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے، اسد عمر

کرونا وائرس: آکسیجن اور وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے، اسد عمر
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عمل کی بدولت کرونا وائرس کی وجہ سے آکسیجن اور وینٹی لیٹر پر جانے والے مریضوں کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ 20 جون کو پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے 2969 مریض آکسیجن پر اور 546 وینٹی لیٹر پر تھے، کل الحمد اللہ اس تعداد میں کمی آئی ہے جو کہ آکسیجن پر 1762 اور وینٹی لیٹر پر 394 تھی۔ یعنی 28 فیصد کمی۔ سمارٹ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی انتظامی کارروائی کا اور سب سے اہم عوام کے بہتر طرز عمل کی کامیابی نمایاں ہے۔

اسدعمر نےمزید کہا کہ اہم بات یہ ہے کے کرونا کی وبا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کے اجتماعی اختیار میں ہے، اگر ہم حفاظتی تدابیر پر عمل کریں گے تو صحت کی حفاظت بھی ہو گی اور روزگار بھی چلتا رہے گا، ورنہ جو امریکہ، برازیل اور بھارت جیسے ممالک میں ہو رہا ہے خدانخواستہ ہمارے یہاں بھی ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 65 فراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 123 تک جا پہنچی ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار351 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھنے لگی ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 4042 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ کرونا سے مجموعی طور پر اب تک ایک لاکھ 53 ہزار 134 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔