Get Alerts

اپنے غریب عوام کے لئے وسائل نہ ہونے کا رونا مگر وزیر اعظم عمران خان بھارتی خاندانوں کی مالی مدد کے لئے تیار

اپنے غریب عوام کے لئے وسائل نہ ہونے کا رونا مگر وزیر اعظم عمران خان بھارتی خاندانوں کی مالی مدد کے لئے تیار

وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں رہنے والے وہ گھرانے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے مالی طور پر متاثر ہوئے ہیں، ان کی آسانی کے لیے پاکستان اپنے ’احساس پروگرام‘ کو ان کے استعمال کے لیے پیش کرنے کو تیار ہے۔


واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھارت میں مارچ سے سخت لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے اور اس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بھارتیوں گھرانے متاثر ہوئے ہیں۔


اسی حوالے سے  امریکی یونیورسٹیوں کی تحقیق کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث 84 فیصد گھرانوں کی آمدنی میں کمی آئے گی اور 34 فیصد ایسے گھرانے ہیں جو بغیر امداد کے ایک ہفتے سے زیادہ اپنا گزارہ نہیں کر پائیں گے۔


واضح رہے کہ اس سے قبل احساس پروگرام کی سربراہ ثانیہ نشتر نے بھی بتایا کہ اب تک ایک کروڑ سے زیادہ مستحق خاندنوں کو 121 ارب سے زیادہ کی کیش امداد دی جا چکی ہے۔


لیکن وزیر اعظم عمران خان مسلسل کہتے رہے ہیں کہ انکے ملک میں اس لئے لاک ڈاؤن نہیں لگ سکتا کہ یہ ایک غریب ملک ہے۔ ایک موقع پر انہوں نے پاکستان کی مالی استطاعت کو امریکا اور دیگر ممالک سے موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امیر ملک ہیں کھربوں ڈالر خرچ کر سکتے ہیں ہمارے پاس اتنا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے ایک بار یہ بھی بیان دیا کہ انکی حکومت کب تک لوگوں کو براہ راست پیسہ کھلاتی رہے گی۔


یاد رہے بھارتی حکومت نے  کرونا وائرس سے متاثرہ معیشت کی بحالی کے لئے 20 لاکھ کروڑ کے پیکج کا اعلان کیا تھا جبکہ پاکستان کی حکومت کل  1 لاکھ 20 ہزار کروڑ کا پیکج دے پائی ہے جس میں بھی ماہرین کے مطابق بہت کچھ پہلے سے بجٹ میں طے تھا اسے کرونا پیکج کا نام دے کر صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی گئی۔