اسٹبیلشمنٹ غیر جانب دار رہے گی میں کل جیتوں گا، یوسف رضا گیلانی

اسٹبیلشمنٹ غیر جانب دار رہے گی میں کل جیتوں گا، یوسف رضا گیلانی
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسٹبلشمنٹ غیر جانب دار رہے گی اور چیئرمین سینیٹ کا الیکشن میں جیتوں گا۔

سیینٹ چیئرمین کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضاگیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اس وقت تک تو غیر جانب دار نظر آ رہی ہے۔ ان کو غیر جانب دار رہنا چاہیے اور وہ رہیں گے.

سینیٹرز کو کالز آنے کے حوالے سے مریم نواز کی جانب سے دیے گئے بیان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی تک تو ایسا کچھ نہیں اس لیے کہا ہے وہ غیر جانب دار ہیں اور کل میں جیتوں گا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'ہمارے سینیٹرز کو کالز آرہی ہیں اور پی ڈی ایم کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا کہا گیا '۔

انہوں نے کہا کہ 'ان میں سے کچھ ثبوت کے لیے ریکارڈ کی گئی ہیں'۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربے کو سامنے رکھ کر انتظامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کی وڈیو کے معاملے پر بات نہیں کر سکتا اور الیکشن کمیشن کا نوٹس تاحال موصول نہیں ہوا۔

سینیٹ میں ووٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سمیت ہر رکن کے ساتھ رابطہ رہتا ہے۔

خیال رہے کہ نومنتخب سینیٹرز کل (12 مارچ) کو حلف اٹھائیں گے اور اسی دوران نئے چیئرمین کا انتخاب ہوگا، جس کے لیے موجودہ چیئرمین صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔