Get Alerts

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: شعیب ملک اور محمد رضوان سیمی فائنل کیلئے فٹ قرار

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: شعیب ملک اور محمد رضوان سیمی فائنل کیلئے فٹ قرار
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک شعیب ملک اور محمد رضوان فٹ قرار دے دیے گئے۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر نے دونوں کو سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دے دی، آسٹریلیا کیخلاف دونوں کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔ اس سے قبل منیجر منصور رانا کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، میڈیکل پینل دوپہر (یو اے ای ٹائم) میں دونوں کھلاڑیوں کا دوبارہ جائزہ لے گا، معائنے کے بعد پی سی بی میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کر دیگا۔

اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ٹیم کے 2 اہم ترین بلے باز محمد رضوان اور شعیب ملک کی طبیعت ناساز ہے، دونوں کھلاڑی بدھ کے روز ٹیم پریکٹس میں حصہ نہیں لے سکے۔

اس حوالے سے پی سی بی کے میڈیا مینیجر کی جانب سے بتایا گیا کہ دونوں کھلاڑیوں کو فلو اور بخار کی شکایت ہے، جس کے بعد انہیں ہوٹل میں ہی رکھا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹس بھی منفی آئی ہیں، تاہم ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ کل صبح دونوں کھلاڑیوں کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ان کی میچ میں شرکت کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا، تاہم اب پاکستانی کیمپ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شعیب ملک اور محمد رضوان کو سیمی فائنل کیلئے فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب گروپ 2 میں ناقابل شکست رہنے والے گرین شرٹس کا خوف ابھی سے کینگروز کے اعصاب پر سوار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

خود کوچ جسٹن لینگر نے اس بات کا اعتراف کیاکہ اس وقت پاکستان ایک انتہائی متوازن سائیڈ ہے، انھوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم اس وقت کھیل کے سپر اسٹار ہیں، ان کے پاس بہترین فاسٹ بولرز اور 2 انتہائی بہترین اسپنرز موجود ہیں، ہماری طرح وہ بھی ایک متوازن سائیڈ ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ یہ ایک کرکٹ کا بہترین مقابلہ ثابت ہوگا۔لینگر ہدف کے تعاقب کی صورت میں اعصاب کو کنٹرول میں رکھنے کے خواہاں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جراتمندانہ حکمت عملی کی وجہ سے میگا ایونٹ میں ہم نے 7 بیٹرز اور 4 بولرز کو میدان میں اتارا۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021کا دوسرا سیمی کل 11 نومبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائیگا ، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 7 بجے شروع ہو گا ۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2021کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر نے میں کامیاب رہیں۔

پاکستانی ٹیم نے ورلڈکپ سپر 12 رائونڈ کے گروپ ٹو میں روایتی حریف بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں کو شکست فاش سے دوچار کیا،11 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی یہ میچ انٹرنیشنل سٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل اور فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے،دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 نومبر کو کھیلا جائیگا۔