Get Alerts

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پاکستان واپسی کی تیاریاں شروع کر دیں

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پاکستان واپسی کی تیاریاں شروع کر دیں
خبریں ہیں کہ اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے پاکستان واپسی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وہ وطن واپس آ کر قانون کا سامنا کرینگے۔

یہ بات مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ محمد نواز شریف نے عدالت کی جانب سے دی گئی سزائوں اور قانون کا سامنا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ عیدالفطر کے بعد پاکستان میں موجود ہونگے۔

میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف عیدالفطر کے فوری بعد پاکستان آرہے ہیں۔ وہ پہلے بھی جیل گئے تھے اب بھی جائیں گے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ان دنوں کورونا کی صورتحال بھی بہتر ہو چکی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وطن واپسی کیلئے اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ ساڑھے تین سال قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے منسوخ کرا دیا تھا۔ اسحاق ڈار کے نئے پاسپورٹ کے اجرا کے لیے درخواستیں تیار کر لی گئی ‌ہیں جبکہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے بھی درخواست تیار کر لی گئی ہے۔ اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کے اجرا کے بعد وطن واپسی ہو گی۔ اسحاق ڈار سعودی عرب میں عمرہ ادا کر کے پاکستان واپس آئیں گے۔

ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ نواز شریف عید کے بعد پاکستان واپس آئیں گے اور پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کا سامنا کریں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے تقریباً دو سال سے لندن میں مقیم ہیں۔ گذشتہ روز نواز شریف کے بھائی شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔