Get Alerts

غیر ملکی کرنسی برطانیہ لا کر ریاست کو چیلنج، ٹک ٹاکر حریم شاہ کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

غیر ملکی کرنسی برطانیہ لا کر ریاست کو چیلنج، ٹک ٹاکر حریم شاہ کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے ہاتھوں میں غیر ملکی کرنسی کی گڈیاں پکڑ کر ریاستی نظام کو چیلنج کرنے والی ٹک ٹاکر حریم شاہ کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ ٹک ٹاکر حریم شاہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس معاملے میں مدد کیلئے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھے گا جس میں درخواست کی جائے گی کہ وہ پاکستانی شہری کیخلاف کارروائی عمل میں لائے۔
ایف آئی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حریم شاہ نے سوشل میڈیا پر جو ویڈیو اپ لوڈ کی اس میں وہ خود اعتراف کر رہی ہیں کہ انہوں نے بھاری رقم برطانیہ منتقل کی۔ اب ان کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ حریم شاہ نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دوحہ کیلئے سفر کیا تھا۔ انہوں نے بھاری رقم کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز اپ لوڈ کیں اور اعتراف کیا کہ وہ بھاری غیر ملکی رقم پاکستان سے برطانیہ لے کر آئی ہیں۔



ٹک ٹاکر حریم شاہ نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا، ویڈیو میں حریم شاہ کے ہاتھوں میں غیر ملکی کرنسی کی گڈیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طریقے سے کرنسی کی منتقلی منی لانڈرنگ میں آتی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں حریم شاہ نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں روکا نہ ہی روک سکتا ہے، پہلی مرتبہ پاکستان سے برطانیہ اتنا بڑی رقم لے کر آ رہی تھی، پاکستانی پیسے اور پاسپورٹ سمیت کسی چیز کی اہمیت نہیں ہے۔
تاہم حریم شاہ نے اپنے مداحوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بیرون ملک پیسے لاتے وقت خیال کیجیے گا کیونکہ یہ لوگ پکڑ لیتے ہیں۔ مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا اور کہہ بھی نہیں سکتے، میں تو بہت آسان اور محفوظ طریقے سے پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی خبریں میڈیا پر چلنے کے فوری بعد حریم شاہ نے اس حوالے سے ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کردی تھیں۔