الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ٹی وی میزبان اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ وقار ذکاء کی ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان ( ٹی ایم پی) کو باضابطہ طور پر ایک سیاسی جماعت کے طور پر تسلیم کر لیا ہے جو کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک اہم قدم ہے۔
معروف کرپٹو کرنسی کے شوقین اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ وقار ذکاء کی سربراہی میں پارٹی، قومی سیاست میں نئے خیالات کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
ای سی پی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرکے ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان کو اگلے انتخابی عمل میں فعال طور پر حصہ لینے کا موقع فراہم کیا ہے۔
وقار ذکاء نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اعلان کیا کہ پارٹی کے ایجنڈے میں حکومت کے اندر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی صنعت کو آگے بڑھانے پر زور دینے کے ساتھ پاکستان کے اہم ترین مسائل کو حل کرنا شامل ہے۔
" ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان" کا منشور 13 اہم نظریات کے ارد گرد مرکوز ہے جو گزشتہ چند سالوں میں نظر انداز کیے جانے والے مستقل ثقافتی اور سماجی مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک ہمہ جہت نقطہ نظر فراہم کرتے ہیں۔
سیاسی اور معاشی بدامنی سے بچنے کے لیے پارٹی ان بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتی ہے جن پر ملک کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
وقار ذکاء کے خیال میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان ان اہم مسائل سے نمٹ کر ملک کو آگے بڑھا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کرپٹو کرنسی انفلوئنسر اور ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان کے سربراہ وقار ذکاء نے فروری 2024 میں ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
وقار ذکاء نے الیکشن کمیشن سے اپنی نوتشکیل شدہ سیاسی جماعت ٹی ایم پی کے لئے ’’ بلا‘‘ یا ’’ لیپ ٹاپ ‘‘ انتخابی نشان الاٹ کئے جانے کی درخواست بھی کی ہے۔
یادرہےٹی وی میزبان اور سوشل میڈیا سینسیشن وقار ذکاء ءنے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بٹ کوائن کو فروخت کر کے الیکشن مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا وہ بٹ کوائن کو فروخت کرکے اپنے پیسوں مہنگی گاڑی یا لگژری بنگلہ لینے کے بجائے پاکستان میں الیکشن لڑیں گے اور وزیراعظم پاکستان بنیں گے۔