یہ اب واضح ہے کہ ملک میں کرونا کی تیسری لہر شروع ہوچکی: وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان

یہ اب واضح ہے کہ ملک میں کرونا کی تیسری لہر شروع ہوچکی: وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں واضح طور پر کورونا کی ایک نئی لہر آچکی ہے اور بالخصوص پنجاب کے بڑے شہروں سمیت پورا پاکستان کورونا کی نئی لہرکی زد میں ہے۔

پاکستان میں کرونا کے اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41133 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2701 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 54 ہلاکتیں ہوئیں۔


یاد رہے کہ  پنجاب میں حکومت نے مخصوص شہروں میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں لاہور فیصل آباد گوجرانوالہ کے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔

دوسری جماب وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں اس وقت کرونا کی برطانوی قسم پھیل رہی ہے۔   انہوں نے بتایا کہ لاہور اور گوجرانوالہ میں اس وقت انفیکشن ریٹ 8 سے 9 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

دوسری جانب وفاقی سطح پر تفریحی پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا کیسز بڑھنے کے باعث ہسپتالوں پر بوجھ بڑھتا ہے، انتظامی ادارے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تفریحی پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے کی پابندی برقرار ہوگی، ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کی پالیسی جاری رہے گی.
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ کے تعلیمی ادارے 15 مارچ سے 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان تمام شہروں میں تعلیمی ادارے 28 مارچ تک بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا، پابندی کا اطلاق امتحانات والے سکولوں پر نہیں ہوگا، جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔

جبکہ وفاقی سطح پر حوفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا  حالیہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ماسک کے استعمال کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے،اجلاس میں اسلام آباد میں 50 فیصد سٹاف گھر سے کام کرنے کی پالیسی پر فی الفور نافذ کرنے اورمُلک بھر میں پارکس شام 6 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا،،نئے نافذ کیے گئیے تمام فیصلوں کا جائزہ 12 اپریل کو دوبارہ لیا جائے گا