Get Alerts

ہمارے ملک کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، بڑا فیصلہ ہونے جا رہا ہے: عمران خان

ہمارے ملک کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، بڑا فیصلہ ہونے جا رہا ہے: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ وقت ہماری حقیقی آزادی کی جنگ کا ہے۔ ہمارے ملک کیلئے فیصلہ کن وقت ہے۔ بڑا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔

اٹک میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب ہم معیشت کو بہتر کرنے کی پوزیشن میں آگئے تو ہماری حکومت کیخلاف سازش شروع کردی گئی۔ جو لوگ اس سازش کو روک سکتے تھے انہیں ساری صورتحال کا بتایا کہ اگر سازش کامیاب ہوگئی تو ملک تباہی کی طرف چلا جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کو مشکل سے نکال لیا تھا۔ ہمیں 20 ارب روپے خسارے میں ملک ملا تھا۔ ہم نے ملک کو کھڑا کیا۔ انڈسٹری ٹھیک کی۔ کسانوں کی مدد کی۔ تیسرے سال میں 5.6 فیصد گروتھ تھی۔ دولت میں اضافہ ہو رہا تھا۔ ریکارڈ برآمدات تھیں۔ سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے۔ ان تھری سٹوجز نے مل کر یہاں سازش کی۔ امریکی بھی ان کے ساتھ سازش میں مل گئے۔ ہمارے لوگوں کو امریکی سفارتخانے میں بلایا گیا۔ کون سا اتنا بڑا مسئلہ تھا جو انہوں نے مل کر حکومت گرائی۔

انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے تھوڑی سی کوشش کی ہماری آزاد خارجہ پالیسی بنے، ہمیں حکم ملتے تھے ہم آزاد خارجہ پالیسی نہیں بناتے تھے، وعدہ کیا تھا کہ نہ خود کسی کے سامنے جھکوں اور نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکم آیا ہماری جنگ میں شامل نہ ہوئے تو ملک تباہ کردیں گے، اس وقت جو ملک کا سربراہ تھا اس نے اپنے لوگوں کو دفاع نہیں کیا، اس جنگ میں پاکستان کا 100 ارب ڈالر سے زیادہ خرچ ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کیا ہم آزاد قوم بن کر رہیں گے یا غلامی کریں گے، فیصلہ کیا تھا کسی صورت ان چوروں کی غلامی قبول نہیں کروں گا۔