ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے استعفیٰ دیدیا

ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین ذاتی وجوہات کی بنا پر مزید کام جاری نہیں رکھنا چاہتے تھے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے اپنا استعفی چیئرمین نیب کو جمع کرا دیا۔استعفیٰ حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔  

ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے استعفیٰ دیدیا

قومی احتساب بیورو ( نیب) کے پراسیکیوٹر جنرل اصغر حیدر کے بعد ڈپٹی چیئرمین ظاہرشاہ نے بھی استعفیٰ دیدیا۔

ذرائع کے مطابق نیب کے ڈپٹی چیئرمین ظاہرشاہ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد نیب میں دوسرا سینیئر ترین عہدہ بھی خالی ہوگیا۔ 

ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین ذاتی وجوہات کی بنا پر مزید کام جاری نہیں رکھنا چاہتے تھے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے اپنا استعفی چیئرمین نیب کو جمع کرا دیا۔استعفیٰ حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔  

اس سے قبل 9 ستمبر (ہفتہ) کو نیب کے پراسیکیوٹر جنرل جسٹس ریٹائرڈ سید اصغر حیدر نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاہم ان کے استفے کے حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ  اصغر حیدر  ذاتی وجوہات کی وجہ سے مستعفی نہیں ہوئےبلکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف مقدمات میں غیر موثر حکمت عملی  بنانے پر ان سے استعفی  لیا گیا ہےجبکہ اگلے پراسیکیوٹر جنرل احتشام قادر ہوں گے۔

گزشتہ تین روز کے اندر 2 اعلیٰ عہدیداروں کے استعفیٰ نے کافی تشویش پیدا کردی لیکن نیب اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور اس بارے میں باضابطہ طور پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ ظاہر شاہ نیب کے بانی ارکان میں سے ایک تھے جسے سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے 1999 میں بنایا تھا۔

وہ کئی سال تک بطور ڈائریکٹر جنرل نیب خدمات انجام دے چکے ہیں اور اکتوبر 2021 میں سابق ڈپٹی چیئرمین حسین اصغر کے استعفیٰ دینے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ظاہر شاہ کی ڈپٹی چیئرمین نیب تعیناتی کی منظوری دی تھی۔