عدالتیں جوبھی فیصلہ کریں قبول کریں گے، میرا جینا مرنا یہیں ہوگا، حنیف عباسی

عدالتیں جوبھی فیصلہ کریں قبول کریں گے، میرا جینا مرنا یہیں ہوگا، حنیف عباسی
راولپنڈی: لیگی رہنماء حنیف عباسی نے رہائی کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے، عدالتیں جو بھی فیصلہ دیں گی قبول ہو گا۔

حنیف عباسی نے کہا ہم سرخروہوئے،حق وسچ کی فتح ہوئی،اللہ تعالٰی کا شکر اداکرتےہیں،  پنڈی کی قیادت اورکارکنوں نےمیری فیملی کا خیال رکھا، یہ میرےلیے بہت عزیزہیں،راولپنڈی کی جسطرح پہلےخدمت کی،آیندہ بھی اسی طرح صاف ستھرابنائیں گے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ میئرراولپنڈی سردارنسیم سمیت تمام قیادت وکارکنوں کا شکرگزار ہوں۔

یاد رہے کہ آج ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے حنیف عباسی کی ضمانت کے لیے 50، 50 لاکھ کے مچلکے جمع کرادیئے، جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے ان کا استقبال کیا اور انہیں قافلے کی صورت میں جیل سے گھر منتقل کیا گیا۔

11 اپریل 2019 کو لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے حنیف عباسی کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے ایفی ڈرین کوٹا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جب کہ دیگر 7 ملزمان کو شک کی بنا پر بری کردیا گیا تھا۔