میرے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کی عمران خان سے گفتگو

میرے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کی عمران خان سے گفتگو
وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عبدالقیوم نیازی نے سابق وزیراعظم سے کہا کہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، آپ کو جو بتایا گیا وہ درست نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے خلاف سازش ثابت کروں گا۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے عبدالقیوم نیازی آج بنی گالہ میں ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کیخلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی،

سیکریٹری آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر 25 ارکان اسمبلی کے دستخط ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے بارے میں اسپیکر اور صدر کو مطلع کردیا گیا ہے، 3 دن بعد یا 7 دن میں اجلاس بلا کر تحریک پر رائے شماری ضروری ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کیخلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔ تحریک عدم اعتماد تحریک انصاف کے 25 ارکان کے دستخط کے ساتھ جمع کرائی گئی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے متبادل وزیر اعظم کیلئے سردار تنویر الیاس کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ تنویر الیاس پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بھی ہیں۔

تحریک عدم اعتماد وزیر مالیات ماجد خان اور وزرات ایس ڈی ایم اے اکبر ابراہیم نے جمع کرائی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد اپوزیشن نہیں بلکہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور وزرا کی طرف سے جمع کروائی گئی ہے۔