عمران خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کو مستعفی ہونے سے روک دیا

عمران خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کو مستعفی ہونے سے روک دیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم آزاد کمشیر عبدالقیوم نیازی کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے سے روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں اہم ملاقات کی اور تمام حالات وواقعات سے انھیں آگاہ کیا۔ انہوں نے دوران ملاقات علی امین گنڈا پور کے تمام تر الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔

ذرائع کے مطابق عبدالقیوم نیازی نے عمران خان سے سوال کیا کہ آخر انھیں کیوں نکالا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کا عہدہ تو آپ کی امانت ہے۔ میں مستعفی ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہوں۔

تاہم عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کو منع کیا کہ وہ مستعفی نہ ہوں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں اس معاملے کو حل کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی جو 14 اپریل کی دوپہر تک تمام سٹیک ہولڈرز کی شکایات سن کر اپنا فیصلہ صادر کرے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کیخلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔ سیکریٹری آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر 25 ارکان اسمبلی کے دستخط ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے بارے میں اسپیکر اور صدر کو مطلع کردیا گیا ہے، 3 دن بعد یا 7 دن میں اجلاس بلا کر تحریک پر رائے شماری ضروری ہے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے متبادل وزیر اعظم کیلئے سردار تنویر الیاس کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ تنویر الیاس پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بھی ہیں۔ تحریک عدم اعتماد وزیر مالیات ماجد خان اور وزرات ایس ڈی ایم اے اکبر ابراہیم نے جمع کرائی۔