Get Alerts

پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیابی سے پورا کر رہا ہے: سربراہ آئی ایم ایف

کرسٹا لیناجارجیوا کا کہنا تھا کہ  پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیابی سے پورا کر رہا ہے۔ پاکستان کی معیشت قدرے بہترکارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے تاہم ملک میں اب بھی بہت سے مسائل حل طلب ہیں۔

پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیابی سے پورا کر رہا ہے: سربراہ آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹا لیناجارجیوا کا کہنا ہےکہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیابی سے پورا کر رہا ہے۔

اٹلانٹک کونسل کے تھنک ٹینک سے خطاب  کرتےہوئے کرسٹا لیناجارجیوا کا کہنا تھا کہ  پاکستان کی معیشت قدرے بہترکارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

کرسٹا لیناجارجیوا کا کہنا تھا کہ  پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیابی سے پورا کر رہا ہے اور پاکستان کے زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان نے آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کر رکھا ہے۔ پاکستان 3 بلین ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے ممکنہ فالو اپ پروگرام پر بات چیت کر رہا ہے۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  پاکستان میں اب بھی بہت سے مسائل حل طلب ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے تین ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے لیے آئی ایم ایف سے رابطہ کیا تھا۔  اگر معاملات طے پاتے ہیں تو  پاکستان کے لیے ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کا فنڈ جاری ہوگا۔ 

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)  کی سالانہ ایشین ڈیویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ 2024  میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ممالک میں مقامی طلب و ترقی، برآمدات اور سیاحت بڑھنے سے خطے کی شرح نمو 4.9 فیصد رہنے کا اندازہ  ہے جب کہ خطے میں مہنگائی کی لہر میں کمی آئےگی۔

رپورٹ کے مطابق چین کی شرح نمو 4.8 فیصد جب کہ بھارت کی شرح نمو 7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔  پاکستانی معیشت سیاسی غیر یقینی اور سیلاب کے باعث سکڑ گئی ہے۔  پاکستان میں گزشتہ سال گزشتہ پانچ دہائیوں سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی۔ اگر اصلاحات پر عملدرآمد کیا گیا تو معاشی بحالی کا عمل اس سال سے شروع ہو جائےگا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں پاکستان کی شرح نمو رواں مالی سال 1.9 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے اور سیاسی عدم استحکام کو معاشی بحالی اور  اصلاحات کے لیے اہم چیلنج قرار  دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک پر انحصار کرنا پڑےگا اور  پاکستان کو خواتین کی مالیاتی شمولیت کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کا کہنا ہے کہ ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کی آؤٹ لُک رپورٹ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق ہے۔

ایک بیان میں احد چیمہ نےکہا کہ اے ڈی بی کی رپورٹ میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں خوش آئند امکانات کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں مستحکم اورپائیدار معیشت کیلئے کام شروع کردیا ہے۔ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے۔ اس کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے بھی کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مالی نظم وضبط بہتربنانے اور  سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ ہمارے معاشی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی۔ حکومت اے ڈی بی کی سفارشات پر عمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔