Get Alerts

جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سپرے کرنے والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 2 افراد جاں بحق

جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سپرے کرنے والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 2 افراد جاں بحق
جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی سپرے کرنے والا محکمہ پلانٹ کا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے باعث طیارے میں سوار دونوں ملازمین جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی سپرے کرنے والا پلانٹ پروٹیکشن یونٹ کا طیارہ صادق آباد کے قریب چک نمبر 225 کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ حادثہ کے نتیجے میں 2 پائلٹ شعیب ملک اور انجنیئر فواد بٹ جاں بحق ہو گئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ ٹڈی دل نے سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں فصلوں اور پھلوں کے باغات پر حملے کیے ہیں جس کے باعث کسانوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

یہ پاکستان میں فصلوں پر 30 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹڈی دل کے بڑے حملوں میں شمار ہوتا ہے۔

کاشتکاروں نے حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر روک تھام کے لیے اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹڈی دل کا حملہ پاکستانی زراعت اور معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ٹڈی دل کے حملے نے پہلے سے مشکلات کا شکار کاشتکاروں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔