جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں جے یو آئی ضلع مانسہرہ کے امیر مفتی کفایت اللہ کی مسلسل پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں اور متنازع بیانات پر پارٹی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مفتی کفایت اللہ کی غیر جماعتی سرگرمیوں اور پالیسیوں کے بر عکس اقدامات کرنے پر صوبائی مجلس عاملہ نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آنے تک مفتی کفایت اللہ کی پارٹی رکنیت معطل رہے گی۔
دوسری جانب پارٹی رکنیت معطل کیے جانے پر مفتی کفایت اللہ کا کوئی بیان سامنے آنہیں آیا، مفتی کفایت اللہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما کی حیثیت سے پارٹی میں کلیدی کراد ادا کرتے رہے ہیں۔
یہ امر بھی اہم ہے کہ کئی ٹاک شوز میں مفتی کفایت اللہ کا یہ موقف رہا ہے کہ ریٹائرڈ فوجی افسران کو جنگ کی صورت میں دفاعی تجزیہ نگاری کا حق تو حاصل ہے، لیکن سرکاری خزانے سے پنشن لیتے ہوئے ان کا ملک کے سیاسی امور پر رائے زنی کرنا مناسب نہیں۔ مفتی کفایت اللہ کے خیال میں ان ایسے افسران کو ذاتی حیثیت میں ٹی وی پر آنا چاہیے وگرنہ اگر یہ ریٹائرڈ افراد اپنی سابقہ ملٹری شناخت کے ساتھ ٹی وی مباحثوں میں حصہ لیں گے تواس صورت حال میں فوج جیسے اہم قومی ادارے کا احترام متاثر ہو سکتا ہے۔ وہ گزشتہ عام انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں۔