قومی اسمبلی میں ملک بھر کی جامعات میں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھانے کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی میں ملک بھر کی جامعات میں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھانے کی قرارداد منظور
قومی اسمبلی نے ملک بھر کی جامعات میں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد کے متن کے مطابق صوبوں کی جن جامعات میں قرآن ترجمے کے ساتھ نہیں پڑھایا جا رہا وہاں بھی قرآن ترجمے کے ساتھ پڑھایا جائے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کا اردو ترجمہ پڑھنا ہماری نسلوں کے لیے علم کے راستے کھول دے گا۔

علی محمد خان کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب کی جامعات میں قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل پنجاب کی جامعات میں ڈگری کے حصول کے لیے قرآن مجید ترجمے کے ساتھ پڑھنے کی شرط بھی لاگو کی گئی ہے۔