عمران خان نے یورپی یونین سے ملک کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے: عطا تارڑ 

عطا تارڑ نے کہا کہ یورپی یونین کو ایک غلط بیانیہ دیا جارہا ہے جس کو بے نقاب کرنا ناگریز ہے۔  ایک سازش کے تحت معیشت پر وار کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ ملک میں روزگار کے مواقع نہ ہوں، غربت مہنگائی کم نہ ہو، درآمدات نہ ہو اور انڈسٹریز بند ہوجائیں۔  پی ٹی آئی نے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی ملک کو دایوالیہ کرنے کی۔

عمران خان نے یورپی یونین سے ملک کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے: عطا تارڑ 

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے سیاسی فائدے کے لیے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا رہی ہے اور چاہتی ہے کہ ملک دیوالیہ ہوجائے۔ یورپی یونین سے ملک کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لینے کا مطالبہ ملک کی سالمیت کے خلاف مذموم سازش ہے۔

وفاقی وزیراطلاعت عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہپاکستان تحریک انصاف نے ایک بہت مکروہ قدم اٹھایا ہے۔  پی ٹی آئی نے انٹرنیٹ پر آن لائن پٹیشن کے ذریعے یورپی یونین کو کہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لیا جائے کیوں کہ عمران خان کو جیل میں سہولیات نہیں دی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو ایک غلط بیانیہ دیا جارہا ہے جس کو بے نقاب کرنا ناگریز ہے۔  ایک سازش کے تحت معیشت پر وار کیا جارہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ پہلی بار نہیں ہوا۔ ماضی میں آئی ایم ایف سے ڈیل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے لیے اس وقت کے وزیرخزاجہ شوکت ترین نے 2 صوبائی وزرائے خزانہ کو فون کیا اور کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام نہ دیا جائے اور پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہ کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ ملک خدانخواستہ ڈیفالٹ کرجائے۔ باہر سے ایئرلائنز آنا بند ہوجائیں۔ باہر سے انویسٹمنٹ آنا بند ہو جائے اور یہاں پر لوگ اپنے پیسے نکلوانے کے لیے بینکوں کے باہر قطاروں میں لگے ہوں۔ معیشت مکمل طور پر بیٹھ جائے تاکہ وہ یہ کہہ سکیں کہ دیکھیں میں کہتا تھا کہ ملک ڈیفالٹ ہوجائے گا انہوں نے ڈیفالٹ کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے ذاتی دلچسپی لے کے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کیے اور آئی ایم ایف سے معاہدہ طے کیا، جس سے ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا۔  پی ٹی آئی نے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی ملک کو دایوالیہ کرنے کی۔ پی ٹی آئی نے اس وقت بھی آئی ایم ایف کو خط لکھا اب دوبارہ عمران خان کے ترجمان رؤف حسن نے کہا کہ ہمیں جیل سے ہدایت آئی ہے کہ آپ آئی ایم ایف کو خط لکھیں اور مطالبہ کریں کہ پاکستان کے ساتھ پروگرام آگے نہ بڑھائے۔

عطا تارڑ نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ کس حیثیت میں یہ خط لکھ رہے تھے؟ آپ کو کرپشن کے الزامات پر عدالتوں نے سزا سنائی ہوئی ہے جو آپ کاٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان اور قومی مفاد کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ معیشت میں بہتری کے لیے حکمت عملی کے ساتھ اقدامات لیے جارہے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف روز 3 سے 4 میٹنگز صرف معیشت کے اوپر کرتے ہیں۔ ان کی تمام تر توجہ اس پر مرکوز ہے کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ایک سیاسی جماعت ہے جس کو اپنے آپ کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، نہ ان کو ملک کی سالمیت کی پرواہ ہے نہ ان کو قومی مفاد نظر آتا ہے، یہ نیا ڈھونگ رچایا جارہا ہے کہ یورپین یونین کو کہا جائے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لیا جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ جو یورپین یونین کو کہا جارہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لے۔ یہ ملک کے خلاف سازش ہے۔ یہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔ یہ پاکستان کے عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنے کی مزموم کوشش ہے۔ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ ملک میں روزگار کے مواقع نہ ہوں، غربت مہنگائی کم نہ ہو، درآمدات نہ ہو اور انڈسٹریز بند ہوجائیں۔ پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس ہے تو ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ زرمبادلہ میں اضافہ اور روپیہ مستحکم ہوگا۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس ہے تو مہنگائی کم ہوگی۔ روزگار کے مواقع ملیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں ان کے لیڈر کو جیل میں وہ سہولیات میسر نہیں ہیں جن کے وہ حقدار ہیں۔ پنجاب حکومت کی رپورٹ سے پتا چلا ہے کہ عمران خان جیل میں ایک شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں۔ان کو جیل میں 3 کمرے، کچن اور ایک گیلری واک کرنے کے لیے دی گئی ہے۔ جیل مینوئیل 1978 کے مطابق ہر قیدی کو ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہوتی ہے جبکہ عمران خان کو ہفتے میں 4 ملاقاتوں کی اجازت ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ڈیمانڈ کی کہ انہیں ورزش والی سائیکل دی جائے تو ان کو ورزش کا سامان جیل میں دیا گیا جو ہر قیدی کو میسر نہیں ہے۔ کھانے کے لیے جو مینوئیل وہ بتاتے ہیں ان کو اسی مینوئیل کے تحت کھانا مہیا کیا جاتا ہے۔ باقی سیاسی لیڈران کو جیلوں میں جیل مینوئیل کے تحت ہی کھانا ملتا تھا۔

وفاقیوزیر نے مزید کہا کہ یہ بڑا افسوسناک ہے کہ آپ جھوٹ پر مبنی مہم کے ذریعے اس ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔جھوٹ سامنے آجاتا ہے۔کوئی بھی جیل سے چیک کروا سکتا ہے کہ عمران خان کو جیل میں کیا سہولیات دی جارہی ہیں۔دو ہفتے کے لیے جیل میں ملاقاتوں پر جو پابندی لگائی گئی ہے یہ صرف ایک جیل کی حد تک نہیں ہے، تخریب کاری کے حوالے سے کچھ رپورٹس موصول ہوئی تھیں۔جس کی وجہ سے اڈیالہ جیل، میانوالی جیل اور ڈیرہ غازی خان جیل کا سکیورٹی آڈٹ کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک کے جی ایس پی پلس کا سٹیٹس واپس لینے کا مطالبہ کرنے والے لوگ وہی ہیں جنہوں نے 9 مئی کو دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی۔  قائداعظم کا لاہور میں گھر جلا دیا۔ ہم تو کہتے ہیں ملکر اس ملک کو آگے لے کے چلیں۔ یہ حکومت کا بھی کام ہے اور اپوزیشن کا بھی کام ہے۔ آپ نے سائفر کے ذریعے سازش کر کے ملک کے بین الاقوامی تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ آپ نے سائفر لہرایا اور بعد میں کہا کہ یہ تو سائفر ہی نہیں تھا اور آپ سیاسی بیان دے رہے تھے

عطا تارڑ نے کہا کہ ملک کا جی ایس پی پلس سٹیٹس قائم رہے گا۔ ملک میں جو ایس آئی ایف سی کے تحت جو اقدامات لیے جارہے ہیں، وہ مثالی ہیں۔ یہ بے بنیاد اور گھناؤنی سازش ہے کہ کہا جارہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں سہولیات نہیں مل رہی اس لیے یورپین یونین پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لے۔

عطا تارڑ نے گزشتہ روز بلوم برگ کی جانب سے جاری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلوم برگ کی رپورٹ نے وزیرخزانہ کے انتخاب کو بہترین قرار دیا۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب پر بلوم برگ کا آرٹیکل خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوم برگ نے وزیراعظم شہبازشریف کے تجربے کا بھی ذکر کیا۔ حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند سیاسی عناصر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ کسی کو معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کےلیے کھلے ہیں۔