Get Alerts

عسکری اور سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

عسکری اور سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  نے جناح ہاؤس اور دیگر عسکری و سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں امن وامان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز او رآرپی اوز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں جناح ہاؤس اور دیگر عسکری و سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ توڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔ محکمہ پبلک پراسیکیوشن کو تمام کیسوں کا فوری ٹرائل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اوربے گناہ کوپکڑیں گے نہیں۔ شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ ہر شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ جناح ہاؤس، عسکری، سول و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔ انشاءاللہ 15مئی کو تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے۔ صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ متعلقہ ادارے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے بہترین کوآرڈینیشن جاری رکھیں۔ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری فورس الرٹ ہے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔