Get Alerts

پاکستان بھارت سے دو طرفہ معاہدے توڑ دے، سید علی گیلانی کا عمران خان کے نام خط

پاکستان بھارت سے دو طرفہ معاہدے توڑ دے، سید علی گیلانی کا عمران خان کے نام خط
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین، بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ آپ کے ساتھ میرا آخری رابطہ ہو۔ سید علی گیلانی نے اپنے خط میں پاکستان کو بھارت سے دو طرفہ معاہدے توڑنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت چیئرمین نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نام ایک خط میں اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے متنازع علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنے پر کی جانے والی تقریر کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں آپ سے رابطہ قومی اور ذاتی ذمہ داری ہے۔



 



سید علی گیلانی نے خط میں لکھا ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد سے دست بردار نہیں ہوئے ہیں، بھارت کی جانب سے غیرقانونی فیصلوں کے بعد کشمیری عوام مسلسل کرفیو جھیل رہی ہے، نہتے کشمیریوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے نوٹسز بھیجے جا رہے ہیں۔

سید علی گیلانی نے خط میں مزید لکھا ہے کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، بھارت نے غیر قانونی اقدامات کر کے اپنی طرف سے پاکستان سے ہوئے معاہدوں کو ختم کیا ہے، پاکستان کی طرف سے کچھ مضبوط اور اہم فیصلوں کی ضرورت ہے۔

خط میں مزید لکھا ہے کہ پاکستان کو حکومتی سطح پر کچھ کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو ختم کرنے کا اعلان کرے۔ پاکستان شملہ، تاشقند اور لاہور معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرے۔

سید علی گیلانی نے خط میں لکھا کہ ایل او سی پر باڑ لگانے کے معاہدے کو بھی ازسرنو دیکھنے کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان ان سارے فیصلوں کو لے کر اقوام متحدہ بھی جائے۔