سینئر اداکار سہیل اصغر انتقال کرگئے  

سینئر اداکار سہیل اصغر انتقال کرگئے  

پاکستان کے معروف اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے علیل تھے۔


  سہیل اصغر کا بڑی آنت کا آپریشن ہوا تھا۔ وہ ایک ہفتے سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی۔ سینئر اداکار سہیل اصغر پاکستانی اسٹیج اور ٹی وی اداکار ہیں جنہوں نے لاہور سے کریئر کا آغاز کیا۔


اُن کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں چاند گرہن، خدا کی بستی، دکھ سکھ ، حویلی، کاجل گھر، ریزہ ریزہ، پیاس اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔


وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانی فنکار سہیل اصغر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سہیل اصغرکے انتقال پر بہت دکھ ہوا۔ سہیل اصغر منفرد لہجے کے ایک انتہائی بہترین فنکارتھے۔ سہیل اصغر نے ٹی وی ڈراموں میں کئی ایک لازوال کردار کئے۔ خواہش اور چاند گرہن میں انکی پرفارمنس آج بھی لوگوں کے دلوں میں تازہ ہے, اللہ تعالی سہیل اصغر کو غریق رحمت کرے۔