ورلڈ کپ، پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا  کل ہو گا

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکی ہیں۔ دونوں ٹیمیں میچز جیت کر اپنی فارم ثابت کر چکی ہیں اور ان فتوحات کی وجہ سے بھی اس میچ میں کانٹے دار اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ورلڈ کپ، پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا  کل ہو گا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023  کا سب سے ہائی وولٹیج مقابلہ احمد آباد میں ہفتے کو ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ شائقین سمیت کرکٹرز نے بھی قومی ٹیم سے امیدیں باندھ لی ہیں۔

قومی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل آئے گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکی ہیں۔ دونوں ٹیمیں میچز جیت کر اپنی فارم ثابت کر چکی ہیں اور ان فتوحات کی وجہ سے بھی اس میچ میں کانٹے دار اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کا پاک بھارت میچ دیکھنے احمد آباد پہنچ گئے ہیں۔ ذکا اشرف کے ہمراہ سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ بھی پاک بھارت میچ دیکھیں گے۔ اس کے علاوہ چیئرمین ذکا اشرف اپنے اس مختصر دورے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکا اشرف پاک بھارت میچ دیکھنے کے اگلے دن بھارت میں قیام کریں گے جس کے بعد وہ 16 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے اہم پیش گوئی کردی۔ پاک بھارت میچ کے دوران محکمہ موسمیات کی طرف سے بارش کی مداخلت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کا حال دیکھنے والوں کے مطابق ہفتے کے روز احمد آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج میچز بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو برابر پوائنٹس ملیں گے۔ بارش ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے صرف دو سیمی فائنلز اور فائنل میچ کیلئے رکھا گیا ہے۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے  ہفتے کے روز موسم گرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔  بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کو درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔اور سخت گرمی اور حبس ہو گا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی سٹیڈیم احمد آباد کی پچ پر حالیہ میچز میں بھی بیٹرز کا غلبہ رہا ہے  اور 14 اکتوبر کے پاک بھارت مقابلے میں  نریندر مودی سٹیڈیم احمد آباد کی پچ پر بیٹرز حاوی ہوں گے۔

بھارتی میڈیا نے یہ بھی کہا ہے کہ  احمد آباد میں میچ کے آغاز میں فاسٹ بولرز کو اضافی باؤنس اور سوئنگ ملے گی۔ مڈل اوررز میں سپنرز کو مدد ملنے کی امید ہے جبکہ مجموعی طور پربیٹرز کو شاٹس کھیلنے میں آسانی ہو گی۔