نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے ویڈیو کال کی سہولت فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ قیدیوں کے جیلوں میں ویڈیو لنک ٹرائل کے جائزے کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ، آئی جی جیل خانہ جات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں قیدیوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں قیدیوں کو فجر اور مغرب کی نماز باجماعت ادا کرنے کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے ویڈیو کال کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا جس کے تحت لاہور کی جیل میں 7 دن کے اندر ویڈیو کال کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے قیدیوں کے جیلوں میں ویڈیو لنک ٹرائل کے جائزے کی رپورٹ طلب کر لی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل میں ویڈیو لنک ٹرائل سے قیدیوں کو عدالت لانے لے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو قیدیوں کی رہائی سے متعلق بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ عیدالفطر سے پہلے دیت اور جرمانہ وغیرہ کی ادائیگی کرکے 71 قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔ مخیر حضرات اور حکومت پنجاب نادار قیدیوں کی دیت اور جرمانہ وغیرہ ادا کریں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 5 ماڈل جیلوں میں ماڈل ویٹنگ اور میٹنگ ایریاز قائم کئے جائیں گے۔ 10 مزید جیلوں میں قیدیوں کو ٹیوٹا کورسز کرائے جائیں گے۔ صوبہ بھر میں 28 جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے۔ 15 مزید جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ آئی جی آفس میں 24/7 مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم فعال کیا جائے گا۔ پنجاب کی 9 جیلوں میں اوپن ایئر جم قائم کردیئے گئے۔ دیگر تمام جیلوں میں بھی اوپن ایئر جم بنائے جائیں گے۔ جیل ہسپتالوں کیلئے 40 کروڑ روپے کے طبی آلات خریدے جائیں گے۔
اس سے قبل 9 اپریل کو وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے کیمپ جیل اورریسکیو1122اکیڈمی کی سائٹ پر جدید ترین ہائی رائز تجارتی مراکزبنانے کی تجویز پرجامع پلان طلب کیا گیا تھا۔
اجلاس ہوا،چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، آئی جی جیل خانہ جات، چیف ایگزیکٹو آفیسر سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، ڈی جی ریسکیو 1122، ایم ڈی واسا، چیف ٹریفک آفیسر اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیروز پور روڈ پر کیمپ جیل اور ریسکیو 1122 اکیڈمی کی سائٹ کی تبدیلی کا جائزہ لیاگیا،اجلاس میں کیمپ جیل اور ریسکیو1122اکیڈمی کی سائٹ پر جدید ترین ہائی رائز تجارتی مراکزبنانے کی تجویز پر غورکیاگیا، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جامع پلان طلب کرلیا۔
کیمپ جیل اورریسکیو1122اکیڈمی کو متبادل مقامات پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے تحت فیروزپور روڈ پر جدیدترین تجارتی مرکزبننے سے اربوں روپے کاریونیو متوقع ہے،جس سے لاہورشہر کے وسط میں ہائی رائز بلڈنگ بننے سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی بی ڈی کو پراجیکٹ کیلئے فوری پلاننگ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔