صدر مملکت عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر 184 شخصیت کے لیے پاکستان سول ایورڈز کا اعلان کر دیا۔ سول ایوارڈز اپنے شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے والے ملکی وغیر ملکی شخصیات کو دیے جائیں گے۔ چھ شخصیات کو نشان امتیاز عطا کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ سول ایوارڈ اگلے سال 23 مارچ یوم پاکستان پر دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صادقین نقوی، پروفیسر شاکر علی، ظہورالحق مرحوم، عابدہ پروین، ڈاکٹرجمیل جالبی، محمد جمیل خان مرحوم اور احمد فراز مرحوم کے لیے نشان امتیاز جبکہ پروفیسر ڈاکٹر انوارالحق حسن گیلانی اور ڈاکٹر آصف محمود جاہ کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔ دوغیر ملکی شخصیات کوریا کے کیو جیونگ لی اور کینیڈا کی سلما عطا اللہ جان کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائے گا۔
چینی ای کامرس کمپنی علی بابا کے جیک ما کو ہلال قائداعظم، جبکہ چوبیس شخصیات کو ستارہ شجاعت دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ جن میں جواد قمر، صفیہ شہید، حیات اللہ، ملک سردار خان شہید، ممتاز خان داوڑ شہید، حیات اللہ داوڑ خان داوڑ ہرمز شہید، ملک محمد نیاز خان شہید، سپاہی اختر خان شہید، محمد نوید صادق اور دیگر شامل ہیں۔
نعیم بخاری، پی ٹی وی کی سابق پروڈیوسر اور نجی ٹی وی کی صدر سلطانہ صدیقی، اداکارہ بشریٰ انصاری، اداکار طلعت حسین، رائٹر فاروق قیصر، سابق کرکٹر عبدالقادر مرحوم سمیت ستائیس شخصیات کو ستارہ امتیاز عطا کیا جائے گا۔
مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل، اداکارہ ریشم، ہمایوں سعید، سکینہ سموں، گلوکار محمد علی شیکی، علی ظفر اور مہہ جبین قزلباش سمیت چوالیس شخصیات کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی عطا کیا جائے گا۔
پاکستان کے لیے خدمات پر چینی شخصیت ینگ یانگ، لی فنگران، ترکی کے ڈاکٹر سیلل سوئیڈان، برطانوی شہری طارق شفیع مرحوم اور میاں فیصل رشید کو بھی ستارہ قائداعظم جبکہ امریکی شہری رچرڈ جیری ہاروٹز کو ستارہ خدمت دیا جائے گا۔ ڈنمارک کی مس جینی ٹیلر کو تمغہ پاکستان عطا کیا جائے گا۔ تھائی لینڈ کے انومت امات کو پاکستان کے لیے خدمات پر تمغہ قائداعظم عطا کیا جائے گا۔