Get Alerts

ساحر علی بگا اور یوکرینی گلوکارہ کمالیہ کا گیت 'لٹھے دی چادر' کل ریلیز ہو گا

نعمان حیدر پروڈکشن میں تیار ہونے والے گانے کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹین آرم میوزک پلیٹ فارم سے ریلیز کیا جائے گا۔ معروف یوکرینی گلوکارہ کمالیہ اس سے قبل بھی اپنا سولو گانا 'پریٹی گرل' ریلیز کر چکی ہیں جس کو میوزک کی دنیا میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔

ساحر علی بگا اور یوکرینی گلوکارہ کمالیہ کا گیت 'لٹھے دی چادر' کل ریلیز ہو گا

معروف گلوکار ساحر علی بگا اور یوکرین سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ، اداکارہ اور سابق مس ورلڈ کمالیہ کا نیا پنجابی ریمکس گیت ' لٹھے دی چادر' 15 جنوری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔ اس گانے کو نامور میوزک پروڈیوسر نعمان رؤف حیدر نے پروڈیوس کیا ہے۔ گانے کی ریلیز کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

نعمان حیدر پروڈکشن میں تیار ہونے والے گانے کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹین آرم میوزک پلیٹ فارم سے ریلیز کیا جائے گا۔ اس گانے کی تحریر و کمپوزیشن عرفان سلیم کی ہے جبکہ میوزک مجتبیٰ علی نے ترتیب دیا ہے۔ معروف یوکرینی گلوکارہ کمالیہ اس سے قبل بھی اپنا سولو گانا 'پریٹی گرل' ریلیز کر چکی ہیں جس کو میوزک کی دنیا میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان کے نئے پنجابی گانے کو لاہور میں عکسبند کیا گیا ہے جس کو صہیب رائے نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

راک سٹار گلوکار ساحر علی بگا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پہلے گانوں کی طرح یہ پنجابی ثقافت کا ہردلعزیز گانا ' لٹھے دی چادر' ایک یادگار سونگ ثابت ہو گا جس کی خاص بات یہ ہے کہ یوکرینی گلوکارہ کمالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر پرفارم کیا گیا ہے۔ اس گانے کی پروڈکشن بین الاقوامی معیار کے مطابق کی گئی ہے۔ میوزک کے دلدادہ افراد کو اچھی موسیقی کے ساتھ اپنا کلچر بھی دیکھنے کو ملے گا۔