ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آج صبح چینی کارکنوں کو لےجانے والی ایک بس کھائی میں گرگئی، بس میں مکینکل خرابی کے باعث گیس لیکیج سے دھماکا ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 9 چینی باشندے اور 3 پاکستانی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
https://twitter.com/salmanmasood/status/1415242421861031937
ڈی پی او اپرکوہستان نے بتایا کہ حادثے میں 13 افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے 9 چائنیز اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں، جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ جائے وقوعہ کو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے سیل کردیا گیا ہے، تاحال حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کوسٹر گاڑی میں 41 افراد سوار تھے، حادثے میں 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو ایف سی جوان اور 2 مقامی مزدور بھی شامل ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے پر وجوہات کا بتایا جا سکے گا،تاہم اس المناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں،
صحافی حمزہ اظہر سلام کے مطابق چین کے وزارت خارجہ کے ترجمانزاہو لیجیان نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دیں۔ ان کے مطابق اس حملے کا حدف پاکستان میں چینی باشندے تھے جبکہ پاکستانی حکام نے اسے گیس لیکج کا معاملہ قرار دیا ہے۔
https://twitter.com/HamzaAzhrSalam/status/1415244359272906754?s=08
داسو میں رونما ہونے والے واقعے وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا اعلی سطحی وفد کوہستان پہنچ گیا، وفد میں کامران بنگش، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا شامل ہیں، معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کے بعد میڈیا کو صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے حادثے میں پاکستانی اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دفتر خارجہ کے حکام معاونت کے لیے چینی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین آپس میں گہرے دوست اور بھائی ہیں اور پاکستان چینی شہریوں، ان کے پروجیکٹس اور اداروں کی حفاظت پر بھرپور توجہ دیتا ہے۔
دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان زاہو لیجیان نے پریس بریفنگ میں پاکستان سے کہا ہے کہ ’بس میں ہونے والے دھماکے کی مکمل تحقیقات کی جائیں جس میں چینی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔‘