گوگل میپ کے سٹریٹ ویو کیمرہ نے ایک شخص کے انتہائی نجی لمحات کی تصویر اتار لی

گوگل میپ کے سٹریٹ ویو کیمرہ نے ایک شخص کے انتہائی نجی لمحات کی تصویر اتار لی
دنیا کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ’گوگل‘ کی ایپلی کیشن گوگل میپ کی سٹریٹ ویو ٹیکنالوجی پوری دنیا میں عجیب و غریب چیزوں کو دکھانے کے حوالے سے بھی جانی جاتی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں پیش آیا ہے، جب گوگل میپ کے سٹریٹ ویو کیمرہ نے ایک شخص کے انتہائی نجی لمحات کو تصویر کی صورت میں محفوظ کر لیا۔

گوگل میپس ایک ایسا دلچسپ ٹول ہے جس کے ذریعے آپ ان جگہوں کو بھی دیکھ سکتے ہیں جہاں آپ کے جانے کے امکانات کم ہوں۔ گوگل نے کئی ممالک میں اسٹریٹ ویو فیچر لانچ کر رکھا ہے جس کے ذریعہ معروف راستوں کی تصاویر نظر آ تی ہیں۔ گوگل نے کاروں اور موٹر سائکلوں پر لگے 360 ڈگری کے کیمروں سے یہ تصویریں لی ہیں۔

اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کچھ ایسی تصاویر بھی سامنے آ جاتی ہیں جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہیں، حال ہی میں ایسا ہی ایک واقعہ نائجیریا میں پیش آیا ہے۔ جب گوگل سٹریٹ ویو نے ایک شخص کے انتہائی نجی لمحات کی تصاویر اتار لیں۔



گوگل سٹریٹ ویو میں نظر آنے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص سڑک کنارے اپنی گاڑی کھڑی کر کے رفع حاجت کر رہا ہے اور وہ اس بات سے بالکل بے خبر ہے کہ گوگل نے اس کی تصویر اتار کر دنیا بھر کے افراد کو اس تک رسائی دے دی ہے۔

واضح رہے کہ اس تصویر میں نظر آنے والا شخص کا چہرہ نہیں دیکھا جا سکتا کیوں کہ گوگل میپس کی فیس بَلر ٹیکنالوجی کی مدد سے چہرہ کو چھپا دیا جاتا ہے۔

گوگل سٹریٹ ویو نے اس کے علاوہ بھی نائجیریا میں کچھ ایسی ہی تصاویر بنائی ہیں جن میں لوگوں کو سرعام فطری تقاضے پورے کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔





یاد رہے کہ 2018 میں گوگل میپس کی سٹریٹ ویو ٹیکنالوجی ایک طلاق کی وجہ بھی بنی تھی۔ یہ واقعہ جنوبی امریکہ پیرو کا ہے جہاں پر ایک شخص نے راستہ ڈھونڈنے کے لئے گوگل میپ کا سہارا لیا اور گوگل میپ کے سٹریٹ ویو میں اسے اپنی بیوی نظر آئی۔ بیوی سے بات کرنے پر پتہ لگا کہ اس کے کسی غیر مرد کے ساتھ تعلقات ہیں اور اس کے بعد دونوں میں طلاق ہو گئی۔

’ڈیلی میل‘ کی خبر کے مطابق ایک شخص نے مشہور پل پر جانے کے لئے آسان اور صحیح راستہ تلاش کرنے کے لئے گوگل میپ کا سہارا لیا اور جب اس نے میپ کھولا تو اس میں سٹریٹ ویو میں ایک جانا پہچانا چہرا نظر آیا۔ اس تصویر میں سفید ٹاپ اور جینس پہنے ایک خاتون ایک بینچ پر بیٹھی نظر آ رہی تھی اور اس کی گود میں ایک شخص کا سر تھا جس کے بالوں کو وہ اپنی انگلیوں سے سہلا رہی تھی۔ جانا پہچانا چہرا ہونے کی وجہ سے اس شخص نے اس تصویر کو زوم کیا جس کے بعد اسے پتہ لگا کہ یہ خاتون کوئی اور نہیں بلکہ اس کی اپنی بیوی ہے۔ جب اس شخص نے بیوی سے پوچھا تو بیوی نے اعتراف کر لیا کہ اس کے اس شخص کے ساتھ تعلقات ہیں۔ بیوی کے اعتراف کے بعد اس شخص نے اپنی اہلیہ کو طلاق دے دی۔

خیال رہے کہ گوگل نے کئی ممالک میں سٹریٹ ویو فیچر لانچ کر رکھا ہے جس کے ذریعے معروف راستوں کی تصاویر نظر آ تی ہیں۔