Get Alerts

گوگل میپس میں اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

رپورٹ کہ مطابق اس چیٹ بوٹ سے گوگل میپس میں ریویوز اور کمنٹس پوسٹ کرنے میں مدد مل سکے گی۔ ایک امکان یہ ہے کہ اس چیٹ بوٹ کی جانب سے صارفین کو مختلف جگہوں کی سیر کے حوالے سے مشورے دیے جا سکتے ہیں۔

گوگل میپس میں اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے صارفین کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی مقبول سروس میپس میں ایک دلچسپ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی گوگل میپس کے لیے ایک اے آئی چیٹ بوٹ کو متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔

گوگل کی جانب سے حالیہ مہینوں میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو متعدد سروسز کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے بیٹا (beta) ورژن میں موجود کوڈ سے اے آئی چیٹ بوٹ کے اضافے کا اشارہ ملتا ہے۔

مگر ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ اے آئی چیٹ بوٹ کس طرح کام کرے گا اور اس سے صارفین کو کیا مدد ملے گی۔

البتہ رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا کہ اس چیٹ بوٹ سے گوگل میپس میں ریویوز اور کمنٹس پوسٹ کرنے میں مدد مل سکے گی۔

ایک امکان یہ ہے کہ اس چیٹ بوٹ کی جانب سے صارفین کو مختلف جگہوں کی سیر کے حوالے سے مشورے دیے جا سکتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے اس چیٹ بوٹ کے بارے میں ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے اسے کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل اکتوبر 2023 میں گوگل میپس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی کئی فیچرز کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جو آنے والے مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ میپس میں سرچ کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے مخصوص جگہوں یا چیزوں کی تلاش آسان ہو جائے۔

اسی طرح میپس نیوی گیشن انٹرفیس کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ اردگرد کی جگہوں کو زیادہ درست طریقوں سے دکھایا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے گوگل میپس میں رنگوں کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو سڑکوں، پارکس اور دیگر مقامات کا درست اندازہ ہوسکے۔